پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت تحریک انصاف فرانس کےسینیر راہنما یاسر اقبال خان کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ افطار ڈنر میں میزبان یاسراقبال خان کے دوست و احباب پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری ، سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ افطاری کی اس تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ معروف نعت خوانوں نے ہدیہ نعت پیش کیا اور حافظ علامہ اقبال اعظم نے امت مسلمہ اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئیے دعا کرائی۔
میزبان یاسر اقبال خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی خصوصی دھیان رکھنا چاہئے ، ہمیں ایک دوسرے کو معاف کرکے آپس کی دوریوں اور تلخیوں کو ختم کرکے اتفاق و محبت سے رہنا چاہئے ،اپنے روٹھے ہوئے دوستوں کو منانا چاہئے ،اپنے اندر برداشت پیدا کرنا چاہئے اور اپنے عزیز واقارب دوست و احباب سے احترام و شفقت کا معاملہ کرنا چاہئے اور اپنے ملازمین سے صلہ رحمی کرنا چاہئے ۔ رمضان المبارک کا مہینہ روزہ ، ایثار ، قربانی اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ یہ مہینہ صبر کا ہے اور صبر کابدلہ جنت ہے اور یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غم خواری کرنے کا ہے اور اس مہینہ میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے،رمضان المبارک توبہ و استغفار ، رحمت، بخشش و مغفرت، دعاؤں کی قبولیت اوراللہ کا خاص قرب حاصل کرنے کا مہینہ ہے اور ہمیں چاہئے کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد پر توجہ دیں۔ یاسر اقبال خان نے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔افطار ڈنر میں تحریک انصاف کی سینئر قیادت چوہدری گلزار لنگڑیال چئیرمین ، شیخ نعمت اللہ وائس چئیرمین ، اشفاق چوہدری ، ملک عابد ، اکرام اللہ رانجھا ، ابوبکر گوندل ، سابق کوآرڈینیٹر یورپ اور پیپلز پارٹی تحصیل بورے والا کے صدر کامران یوسف گھمن ، مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر راہنما سردار ظہور اقبال ، منہاج القرآن فرانس کے علامہ اقبال اعظم ، ق لیگ کے راجہ مظہر ذمہ واریہ ، چوہدری اقبال خونن ، چوہدری ندیم ڈھیر و گھنہ ، ممتاز کشمیری راہنما اور ممبر نیشنل کونسل آف پاکستان پی ٹی آئی زاہد ہاشمی اور بیسیوں کمیونٹی راہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔