شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن، ن لیگی رہنما امیر مقام کا بیٹا گرفتار

شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن کیس میں ایف آئی اے کے پی نے ن لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن کیس میں ایف آئی اے خیبرپختونخوا نے ن لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے، امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت دیگر 5 ٹھیکیداروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں ٹھیکیداروں، پراجیکٹ ڈائریکٹر، این ایچ اے، انجینئرز کو بھی نامزد کیا گیا ہے، انکوائری میں این ایچ اے کے 11 افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ شانگلہ اور الپوری کے درمیان روڈ کا ٹھیکہ امیر مقام اینڈ کمپنی کو ملا تھا، معاہدے کے تحت سڑک کی تعمیر ایک سال کی مدت میں مکمل ہونی تھی جب کہ پروجیکٹ کا تخمینہ 85 کروڑ روپے تھا، تاہم 10 سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی پروجیکٹ نامکمل ہے اور اس کا تخمینہ 2 ارب 80 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق انکوائری میں امیر مقام اینڈ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

امیرمقام اینڈ کمپنی سے 626 ملین کی ریکوری کی بھی تجویز دی گئی ہے، پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین میں ایک سال میں مکمل کرنا تھا، پراجیکٹ 10 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا، تخمینہ 2800 ملین سے تجاوز کرچکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن