کرونا: 43جاں بحق، ووہان میں سب کے ٹیسٹوں کا حکم

اسلام آباد‘فیصل آباد‘نیویارک‘ لندن (این این آئی، آن لائن‘اے پی پی‘ نیٹ نیوز) ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دور ان مزید 43افراد کرونا وائرس سے زندگی کی بازی ہارگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 704ہوگئی ،1140نئے کیسز آنے کے بعد کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد32888تک جا پہنچی ،8555مریض صحتیاب ہوگئے ۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 32081تک پہنچ گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 11869 تک پہنچ گئی۔کمانڈ سینٹر کے مطابق مْلک بھر میں اب تک 8555 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اب تک 3 لاکھ 5ہزار 851 افراد کے کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 10957 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ پنجاب میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 301 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ حیدرآباد میں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض ڈاکٹر جاں بحق ہو گیا ہے۔ڈاکٹر نوشاد میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی تا ہم وہ کرونا کے مشتبہ مریض تھے۔ اس بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فواد سومرو کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نوشاد کی گزشتہ 6 دنوں سے طبیعت درست نہیں تھی جس کے بعد وہ گھر پر ہی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا ڈاکٹر نوشاد میں وائرس کی علامتیں تھیں تاہم ان کا ٹیسٹ نہیں کرایا گیا تھا، ان کی تدفین کے دوران احتیاطی تدابیر اختیارکی گئی تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں 24 گھنٹے کے دوران 18 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 593 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں کل 4064 ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 593 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 12610 اور ہلاکتیں 218 تک جا پہنچی ہیں جب کہ آج سندھ میں ایک روز میں سب سے زیادہ 18 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں 593 کیسز میں سے 412کا تعلق کراچی سے ہے جہاں کورنگی سے 51، غربی 45 ،ملیر 37 ، جنوبی 124، شرقی 92 اور ضلع وسطی میں 63 نئے کیسز سامنے آئے۔سندھ کے دیگر اضلاع میں ٹنڈوالہیار 4، لاڑکانہ 3، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور میں 2-2، جیکب آباد 41، حیدرآباد 24،گھوٹکی 22 اور سکھر میں 9 نئے کیسز ظاہر ہوئے، فیصل آباد میں کرونا وائرس ایک ہی روز میں مزید 6زندگیوں کو نگل گیا گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں ایک کنفرم اور 5مشتبہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے اب تک گورنمنٹ جنرل ہسپتال کرونا سنٹر میں مرنے والوں کی تعداد 30تک پہنچ گئیں جن میں 11کنفرم اور 19مشتبہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ دبئی سے 2 پروازوں کے ذریعے مزید 288مسافر فیصل آباد پہنچ گئے ، آن لائن کے مطابق اقبال کالونی تاندلیانوالہ کے قاری محمد ابراہیم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں جنرل ہسپتال غلام محمد آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں قاری محمد ابراہیم کے اہلخانہ کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق چک جھمرہ کی رہائشی 55سالہ شگفتہ بی بی زوجہ فقیر حسین کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر غلام محمد آباد کرونا سنٹر داخل کروایاگیا تھا آج صبح زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ کرونا وائرس کے شبہ میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں زیرعلاج ناظم آباد گلی نمبر8کا رہائشی 55سالہ آصف علی ولد محمد رفیق‘قائداعظم ٹائون ناولٹی پل ڈجکوٹ روڈ کا 55سالہ اسرار احمد ولد جان عالم‘رضا آباد بازار نمبر3کا 30سالہ نقاش اسلم ولد محمد اسلم گوجرہ سے ریفر ہونے والی 53سالہ ناصرہ زوجہ آفتاب اور 84ج ب سرشمیر کا رہائشی 22سالہ راشد ولد رفیق بھی زندگی کی بازی ہار گئے ۔ فیصل آباد میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ سے مذکورہ علاقوں میں خوف وہراس پھیل گیا جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کرونا ایس او پیز کے مطابق کردی گئی جبکہ دوبئی سے مزید پروازوں کے ذریعے 288پاکستانی فیصل آباد پہنچ گئے جنہیں قرنطینہ سنٹرز اور ہوٹل میں کورنٹائن کردیاگیا دبئی سے پہلی پرواز کے ذریعے آنے والے 142مسافروں میں سے 112کو جی سی یونیورسٹی نیو کیمپس 21افراد کو ہوٹل راج ون‘6گرینڈ ہوٹل اور 3کو ہوٹل ون جبکہ دوسری پرواز کے 146مسافروں میں 97کو زرعی یونیورسٹی پارس کیمپس‘20گرینڈ ہوٹل‘18ہوٹل ون اور 11کو پرائم ہوٹل ٹھہرایا گیا ہے جہاں 48گھنٹے قیام کے بعد مذکورہ مسافروں کے کرونا ٹیسٹ کے سیمپل لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کرونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی، 15 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وبا کرونا سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2لاکھ 87ہزار 332 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہو گئی۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 85 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 81 ہزار 700سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔ سپین میں متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 68 ہزارسے زائد ہو گئی۔ اس طرح سپین میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی۔ اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ ہلاکتیں30 ہزار 7 سو سے زائد ہو گئیں۔ برطانیہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد ہو گئی۔ ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 841 سے تجاوز کرگئی اور 1لاکھ 39 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 685 سے بڑھ گئی۔ ایران میں اب تک1 لاکھ 9 ہزار 286 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ بھارت میں ریکارڈ 4200نئے کیسز سامنے آنے کے باوجود ٹرین سروس بحال کردی گئی۔ بھارت میں عالمی وبا کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ایران نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں مزید نرمی کردی ہے اور منگل سے ملک بھر میں تمام مساجد دوبارہ کھول دی گئیں۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے آئندہ ہفتے سے سکول دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 830 اموات ہوئی ہیں۔ اردنی حکومت نے عید کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات امجد العضایل نے کہا عید الفطر کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھول دیئے جائیں گے تاہم عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔چینی حکومت نے ووہان شہر میں کورونا کیسز دوبارہ سامنے آنے کے بعد پورے شہر کی آبادی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کردیا۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق ووہان میں لاک ڈاؤن اٹھانے کے بعد گزشتہ روز پھر سے کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے چینی حکومت نے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد پر مشتمل ووہان کی پوری آبادی کو کرونا ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا ہے۔ایران کی حکومت نے ملک میں عالمی وباء کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے کرونا کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران میں آج سے تمام امام بارگاہیں عارضی طور پر کھول دی گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلپائنی حکومت نے عالمی وباء کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے منیلا میں لگائے گئے لاک ڈاؤن میں جون تک توسیع کردی ہے۔نشتر ہسپتال میں زیر علاج کرونا میں مبتلا خاتون دم توڑ گئی، نشتر ہسپتال میں کورونا کے باعث ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی۔ شبہ میں زیر علاج دو افراد بھی دم توڑ گئے۔ رپورٹس کا انتظار، کرونا آئی سو لیشن کے چھ وارڈز میں کرونا میں مبتلا زیر علاج مریضوں کی تعداد 49ہو گئی۔ شبہ میں 11مریض زیر علاج،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 02 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی۔ جان بحق ہونیوالی ملتان کی رہائشی 40 سالہ وحیدہ بی بی بتائی گئی ہے جبکہ نشتر ہسپتال کے چھ آئی سو لیشن وارڈز میں اس وقت کرونا میں مبتلا 49 مریض زیر علاج ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...