کرونا پوائنٹ سکورنگ، دعوے کرنے والے اپوزیشن لیڈر نے عملا کچھ نہیں کیا: عثمان بزدار

May 13, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ’’کرپشن کے کرونا وائرس‘‘ پاکستان میں کرونا وبا پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کرونا پر صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔ بلند و بانگ دعوے کرنے والے اپوزیشن رہنمائوں نے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن جماعتیں خود بھی تنہا ہو چکی ہیں اور عوام کو بھی تنہا چھوڑ چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو کرونا وباء پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔ خدارا کرونا جیسے اہم ترین چیلنج پر سیاست سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں۔ اپنے دور میں ملکی خزانے کو بے دردی سے نقصان پہنچانے والے کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔ اپوزیشن رہنمائوں نے کرونا کے باوجود قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وباء کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ پاکستانی قوم سیاست کے منفی کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صنعت و کاروبار سے وابستہ شخصیات نے ملاقات کی۔ ملاقات میں زینفا پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمقصود بسرا نے پاکستان نیوانرجی کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈکی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا کنٹرول کیلئے 50 لاکھ روپے کا چیک وزیراعلی عثمان بزدار کو پیش کیا۔ صدر زو انرجی مسٹر رچرڈ اور مسٹرکیون نے بھی وزیراعلی عثمان بزدار کو 20 لاکھ روپے کا چیک چیف منسٹر فنڈ برائے کروناکنٹرول کیلئے دیا۔ زوانرجی کے صدر نے 5 ہزار ماسک بھی عطیہ کئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد کیلئے آگے آنے پر مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے پولو گراؤنڈ ریس کورس پارک میں شہروں میں صفائی اور میونسپل سروسز کے نظام کو بہتر بنانے کے پروگرام کا آغاز کیا۔ محکمہ بلدیات پنجاب کے زیراہتمام شہروں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے چھوٹی گاڑیاں (منی ٹپرز) تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چھوٹی گاڑیاں (منی ٹپرز) سیالکوٹ اور ساہیوال کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کیں۔ عثمان بزدار نے مجموعی طور پر36چھوٹی گاڑیاں (منی ٹپرز) متعلقہ انتظامیہ کے حوالے کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گندم خریداری مہم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری زراعت اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال کے کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ سیکرٹری خوراک نے گندم خریداری مہم کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے 15 روز میں صوبائی وزراء سے کارکردگی رپورٹ مانگ لی ہے اور اس ضمن میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں