اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+سٹی رپورٹر))ملک میںکرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 104 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 210 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 67ہزار 438ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 869نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبر پی کے میں کرونا وائرس سے ڈی ایچ کیو ضلع دیر کے سینئر پیتھالوجسٹ ڈاکٹر فضل رحیم انتقال کرگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ 16مئی سے 30سال، زائد عمر کے افراد کیلئے رجسٹریشن شروع ہوگی۔ ویکسین کی فراہمی میں بہتری آرہی ہے لہٰذا ہم ویکسین کے اہل افراد میں اضافہ کرتے جاتے ہیں۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 16 کروڑ 3 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 33 لاکھ 30 ہزار 828 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 13 کروڑ 80 لاکھ 50 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 89 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔ پاکستان میں کرونا سے متاثرہ مریضوں میں بلیک فنگس کیسز کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں بلیک فنگس سے 4 کرونا مریضوں کا انتقال ہو گیا اور متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ متعدد سینٹرز کی جانب سے بلیک فنگس کے یہ کیسز رپورٹ نہیں کیے گئے۔ متعدی امراض کے ماہرین کے مطابق بلیک فنگس دماغ اور پھیپھڑوں پر اثر انداز ہوتا ہے، یہ وہی فنگس ہے جو روٹیوں میں لگتا ہے۔ جاپان نے پاکستان اور بھارت سمیت 152 ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔ جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان، بھارت اور دیگر کئی ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر پابندیوں کا اطلاق کل سے ہوگا۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے متائرہ 265362 مریض اب تک صحتیاب گھروں کو واپس چلے گئے ہیں۔ 2215 مریض صحت یاب ہو گئے۔ یہ بات سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نبیل اعوان نے بتائی انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں متاثرین کیلئے 7479 بیڈز مختص جن میں سے 4980 بیڈز خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 1011 بیڈز خالی ہیں۔ لاہور میں کرونا کے 841 مریض زیر علاج ہیں۔ جن میں سرکاری ہسپتالوں میں 612 جبکہ 229 مریض نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔