بیجنگ (شِنہوا) چین نے ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے ایشیائی منصوبے پر تعاون کے حوالے سے افغانستان اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔چین کے قومی ثقافتی ورثہ کے انتظامی ادارے(این سی ایچ اے) اور افغانستان کی وزارت اطلاعات و ثقافت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی ثقافتی ورثہ اور ثقافت ڈویڑن کے مابین دستخط شدہ بیانات کے مطابق، چین آثار قدیمہ کے منصوبوں،یادگاروں اور تاریخی مقامات کی بحالی ، عالمی ثقافتی ورثہ مقامات کے لئے نامزدگی ، میوزیم کے ذخائر میں علمی تحقیق ، ثقافتی نمائشوں ، نوادرات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اہلکاروں کی تربیت کے لئے افغانستان اور پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔این سی ایچ اے کے سربراہ لی چھون نے کہا کہ بیجنگ میں دستخط شدہ مشترکہ بیانات نہ صرف تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے حوالے سے تازہ ترین کامیابی ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔این سی ایچ اے کے مطابق ،مشترکہ بیانات ایشیائی منصوبہ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ کے فریم ورک کے تحت ایشیائی ممالک کے مابین پہلے دوطرفہ معاہدے ہیں۔