ماہر اساتذہ پرنسپلز کی کمی‘ ہائر سیکنڈری سکولوں کے طلباء کا مستقبل داؤ پر

May 13, 2021

ملتان(خصوصی رپورٹر)ملتان و دیگر اضلاع کے 26 ہائر سکینڈری سکولوں کے طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے 26 ہائر سکینڈری سکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، ان پچاس فیصد ہائر سیکنڈری سکولوں میں گریڈ بیس کے پرنسپلز تعینات نہیں جبکہ 80 فیصد سکولوں میں طلبا کو پڑھانے کیلئے ماہرین مضامین ہی دستیاب نہیں۔ہائر سیکنڈری سکولوں میں انٹرمیڈیٹ کے طلبا کو منتخب مضامین پڑھانے کیلئے سبجیکٹ اسپیشلسٹ ہی فراہم نہیں کئے جاسکے۔ان میں پرنسپلز کی آسامیاں بھی خالی ہیں، جبکہ انٹرمیڈیٹ کیلئے سوشیالوجی، ایجوکیشن، اردو، شماریات، سوکس، ہوم اکنامکس، فزکس، کیمسٹری، فزیکل ایجوکیشن کے ماہر اساتذہ دستیاب نہیں۔ مذکورہ ہائر سیکنڈری سکولوں میں 20 سے زائد مضامین کی آپشن دینے کے باوجود 3 سے زائد سبجیکٹ اسپیشلسٹ تعینات نہیں ہیں۔

مزیدخبریں