ججز پر کیچڑ مت اچھالیں‘ اب ایسا ہوا تو کارروائی ہو گی: ہائیکورٹ

May 13, 2022


  لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے بذریعہ سپیکر قومی اسمبلی کے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لینے کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ لارجر بنچ میں جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس محمد ساجد محمود سیھٹی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کی تحریری جواب کیلئے مہلت کی  استدعا منظور کر لی۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اپنے وی لاگز میں کیس پر بات کریں لیکن جج کی ذاتِ پر بات نہیں کریں۔ آپ سب کو جو بھی وی لاگ کرے اس بات کا خیال رکھے، سپریم کورٹ کے ججز پر احتیاط سے کمنٹ کریں۔ رجسٹرار کو ہدایت کر دی ہے اب ایسا ہوا تو کارروائی ہوگی۔ جسٹس صداقت علی خان  نے ریمارکس دیئے کہ بہت ہوگیا اب عدلیہ پر الزام تراشی برداشت نہیں کریں گے، سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے ججز پر تنقید برداشت نہیں، ججز پر کیچڑ مت اچھالیں، حکومت کو بھی بتا دیں عدلیہ پر تنقید کا ایک لفظ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا، اب تنقید ہوئی تو پہلے وکیل کا لائسنس معطل ہوگا، عدالت نے ریمارکس دیئے اپیل کے ساتھ لگائے گئے حلفیہ بیانات پر دستخط بھی درست نہیں، اپیل بھی درست طور پر ڈرافٹ نہیں کی گئی۔ آپ توقع کرتے ہیں کہ اپیل پر میرٹ پر فیصلہ کریں؟ وکیل نے کہا جی بالکل ایسا ہی ہے میرٹ پر فیصلہ چاہتے ہیں۔ یہ آفس کی غلطی ہے، عدالت نے کہا آپ یہ کہہ کر جان نہیں چھڑا سکتے یہ اپیل درست ڈرافٹ نہیں کی گئی۔ آپ اپیل  میں ترامیم ، غیر ضروری الفاظ، پیرا گرافس اور بیان حلفی درست  کر کے دوبارہ دائر کریں۔

مزیدخبریں