امرتسر(این این آئی) بھارتی پنجاب میں مختلف سکھ تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے تاکہ سیاسی مقصد کے لیے ایک تحریک شروع کرنے اور تمام سکھ سیاسی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امرتسر کے تیجا سنگھ سمندری ہال میں گرودواروں اور سکھوں کی عبادت گاہوں کے انتظام کی ذمہ دار تنظیم شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں تین اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ اجلاس میں ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو بھارتی صدر، وزیر اعظم، وزیر داخلہ کے علاوہ ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں کے ساتھ ملاقات کرے گی جہاں سکھ قیدیوں کا معاملہ زیر التوا ہے۔اس موقع پر منظور کی گئی ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اگر بھارتی حکومت پرامن طریقے سے ان کے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام رہی توایک زبردست جدوجہد شروع کی جائے گی۔
بھارتی پنجاب، سیاسی مقاصد کا حصول،سکھوں کا مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کا فیصلہ
May 13, 2022