گوادر میں اقتصادی ترقی کے لیے بجلی کی فوراً فراہمی ضروری، چنگ باؤ چنگ 

May 13, 2022

اسلام آ باد(این این آئی) چیئرمین چائنا اور سیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی   چنگ بائو چنگ نے کہا ہے کہ  14 چینی سرمایہ کار گوادر اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے17 مئی کو گوادر آ ئیں گے ،گوادر میں اقتصادی ترقی کے لیے بجلی کی فوری فراہمی ضرور ی ہے ،ہم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتے جب تک کہ بجلی دستیاب نہ ہو، ہم جنریٹروں سے مہنگی بجلی پیدا کرتے ہیں،چینی سرمایہ کار اپنی صنعتیں چین سے پاکستان منتقل کرنے کے خواہشمند ہیں، مجھے امید ہے کہ حکومت بجلی کا مسئلہ جلد حل کر لے گی۔ گوادر پرو کے مطابق گوادر بندرگاہ کے ساتھ ساتھ گوادر ریجن میں مضبوط اقتصادی ترقی، کاروباری ایکو سسٹم اور لاجسٹک سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے بجلی کی فراہمی کے فوری انتظامات کے لیے آواز اٹھا ئی گئی ۔ گوادر پورٹ کے چائنہ بزنس سینٹر میں منعقدہ پاکستان انرجی ڈویلپمنٹ کانفرنس 2022 میں بجلی کی جلد فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ جس میں  سی او پی ایچ سی کے چیئرمین   چنگ بائو چنگ، جی ڈی اے کے چیئرمین منیب قمبرانی، جی پی اے کے چیئرمین نصیر کاشانی، جی آئی ای ڈی اے کے اہلکار وقاص احمد، گوادر کے ڈی سی کیپٹن جمیل احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں