کراچی (کامرس رپورٹر+ نیٹ نیوز) انٹربنک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مسلسل تیسرے دن بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر برقرار رہااورملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹربینک مارکیٹ اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھوگیا،ایک موقع پر اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 193 روپے پر بھی ٹریڈ ہوا جبکہ سونے کی قیمت میں 300روپے اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں اور اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے رہنمائوں کے مابین لفظی جنگ نے سیاسی افرا تفری کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے جبکہ سعودی عرب اور چائنا کی جانب سے پاکستان حکومت کو سپورٹ فراہم کرنے کا مثبت جواب نہ ملنے،آئی ایم ایف سے ملنے والی قسط میں تاخیر کے باعث امریکی ڈالر کی اونچی اڑان جمعرات کو بھی رک نہ سکی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر تاریخ کی انتہائی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹربنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.90 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 189.90روپے سے بڑھ کر 191.60 روپے اور قیمت فروخت 190.10 روپے سے بڑھ کر 192 روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید191روپے اور قیمت فروخت192روپے پر برقرار رہی تاہم ایک موقع پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر193روپے تک بھی فروخت کیا گیا ۔ ادھر عالمی مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز کمی کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمتیں 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ36 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ دس گرام سونے کی قیمت میں 257 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور نئی قیمت 116598 روپے ہو گئی ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 90پیسے مہنگا م سونا کی قیمت 300روپے تولہ بڑھ گئی
May 13, 2022