لاہور (نیوز رپورٹر) پی ٹی آئی نے الیکشن کی تیاری کے لئے موزوں امیدواروں کی تلاش شروع کردی ہے۔لاہور میں نئے اور پرانے نامزد ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔اس سلسلے میں بتایا گیا کہ چئیرمین عمران خان کی جانب سے بھی لوگوں کو الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کررکھی ہے۔پنجاب میں پی ٹی آئی کی تنظیم سازی ادھوری ہے۔ جس کی وجہ سے پورے پنجاب میں فوری امیدوار اور موزوں امیداور ملنا مشکل ہونگے۔ بتایا گیا ہے کہ پہلے سے نامزد ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں سابقہ وفاقی وزیر حماد اظہر اور سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے برکی روڈ پر چوہدری محمد یوسف لدھڑ ٹکٹ ہولڈر پی پی 164اور بدوکی گائوں میں چوہدری محمد یوسف میو ٹکٹ ہولڈر پی پی 165 سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے بات کی گئی۔ دریں اثناء ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک سازش کے تحت غلامی میں دھکیلا گیا، عمران خان مسلم ممالک کیلئے ہمیشہ آواز بنا، عمران خان عالم اسلام اور پاکستان کیلئے ہمیشہ کھڑا ہوا، قوم کو بھکاری بنانے والے عوام پر مسلط کر دیئے گئے۔ کنونشنسے چوہدری محمد یوسف لدھڑ، شیخ امتیاز، ناصر سلمان زبیر خان نیازی، چوہدری محمد یوسف میو، سردار عارف رشید، سعادیہ سہیل و دیگر نے خطاب کیا۔