اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی اور آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی حمایت اور تائید سے کیا جائے گا۔ گزشتہ چار سالوں کے دوران جو گند پھیلایا گیا اس حوالے سے حکومت کو لیڈر شپ سے جو پالیسی لائن درکار تھی اس پر تفصیلی بات ہوئی ہے۔ میاں نواز شریف نے بطور پارٹی لیڈر جو ویژن دیا ہے اس پر دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر عملدرآمد کریں گے۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا اہم اجلاس لندن میں ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل و دیگر اہم رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کو معاشی اور آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی حمایت اور تائید سے کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت اور سیاسی اقدار کو تباہ کیا، عمران خان پوری قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔ تمام حکومتی اتحادی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے آئندہ کا لائحہ عمل طے اور فیصلے کئے جائیں گے۔ نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ آئین شکنوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت ہی نہیں جھوٹ کی سیاست کو بھی ٹھیک کریں گے۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ اتحادی کابینہ کرے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قائد نواز شریف کی واضح پالیسی ہے کہ جس جس نے بھی آئین شکنی کی ہے اس کے خلاف ملک کے قانون کے مطابق آئینی تقاضوں کو پورا کیا جائے، آئین شکنی پر زیرو ٹالرینس ہے، ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے، عمران خان ملکی اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہا ہے، ملک کو بحران سے نکالنا ہماری ترجیح اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے، تمام فیصلے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ لندن میں پکڑے جانے والے ایک کروڑ 90 لاکھ پائونڈ کا بڑا حصہ پاکستان کو مل چکا ہے، عمران خان بتائیں کہ وہ رقم کس کے اکائونٹ میں منتقل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کو پیسوں کے عوض پنجاب بھر میں بھرتیوں کی اتھارٹی کس قانون کے تحت دی گئی، کیا فرح گوگی یہ رقم کسی کے ساتھ شیئر کرتی تھیں یا خود رکھتی تھیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئین شکنوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر کارروائی کریں گے، ملک میں انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، فیصلے اتحادیوں سے منظور کرائیں گے۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو گرفتار کیا جائے گا؟۔ جس پر رانا ثنا نے جواب دیا کہ جس کی گرفتاری بنتی ہے اسے گرفتار کریں گے۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا واضح مؤقف رہا ہے کہ الیکشن قبل از وقت ہونے چاہئیں، تاہم الیکشن کا فیصلہ اس فورم کے پاس ہے جہاں تمام سربراہ ہیں، اتفاق رائے سے جو فیصلہ ہوگا ہم اس کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم قوانین کو مضبوط کر رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کو ریگولیٹ کیا جائے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف ہر قیمت پر واپس جائیں گے، وہ جانا چاہتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان قومی تقاضوں کے مطابق ہے۔ فواد چوہدری کے ہتک آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کے ساتھ جو یہ کر کے گئے ہیں قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ انتخابی اصلاحات کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کا طریقہ کار بنائیں گے، ووٹنگ مشین اڑا دیں گے، ختم کریں گے، فرح کو واپس لائیں گے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل کی جائے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں واضح ہو جائے گا کہ آج کے مشاورتی اجلاس میں کیا اہم فیصلے ہوئے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جھوٹ بول بول کر تھکے نہیں عوام کی بس ہو گئی ہے۔ فارن فنڈنگ میں ثابت شدہ منی لانڈرر دوسروں پر جھوٹے الزامات لگاتا ہے۔ جو اربوں روپے کی غیرقانونی فنڈنگ میں پکڑا گیا، وہ غیرملکی سازش کا جھوٹ کس دلیری اور ڈھٹائی سے بولتا ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار سال تک عوام کا آٹا، چینی، گھی، ایل این جی چوری کرنے والا ہر روز جھوٹ بول کر اپنے گناہ چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔ عمران صاحب جتنا مرضی جھوٹ بولیں ، چار سال کا آپ کا سیاہ اعمال نامہ عوام کے سامنے ہے، آپ کو عوام نے مسترد کر دیا۔
جلد الیکشن ہمارا مو قف ، فیصلوں کا اعلان اتحادیوں کی حمایت سے ہو گا
May 13, 2022