لاہور(نیوزرپورٹر) واپڈا ہائیڈل پاور ہائوسز ساڑھے تین روپے فی یونٹ بجلی مہیا کر رہے ہیں جبکہ نجی تھرمل پاور ہائوس 18 سے 20 روپے فی یونٹ محکمہ بجلی کو فروخت کرتے ہیں اسی وجہ سے واپدا ہائیڈل کی سستی بجلی مہیا کرانے اور پانی کے وسائل میں اضافہ کرانے اور قومی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم قومی منصوبے بھاشا‘ مہمند‘ دا سوڈیم اور دیگر واٹر ڈیم اور ہائیڈل پاوور سٹیشن تیزی سے تعمیر کرا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین سابق چیئرمین واپڈا نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ واپڈا اتھارٹی نے ملازمین کو رہائشی زمین کے پلاٹ الاٹ کرانے کیلئے پروجیکٹ شروع کر رکھا ہے۔ یہ سہولت ایک سے 16 سکیل کے ملازمین کو حاصل کرنے کا حق ہو گا۔ بزرگ مزدور رہنماء خورشید احمد نے کہا کہ ماضی میں قومی ادارہ واپڈا و محکمہ بجلی یکجا ہونے کی وجہ سے قوم کو سستی بجلی اور بہتر کارکردگی کی سہولت حاصل تھی۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو سستی بجلی اور پانی کی بنیادی ضرورت پوری کرانے کیلئے واپڈا کے زیر تعمیر ڈیموں اورنئے ہائیڈل پاور سٹیشنوں کی تعمیر اور بند تھرمل پاور ہائوسوں کی جلد مرمت کرانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین چیئرمین واپڈا کی انتھک محنت سے واپڈا کی بجلی کیلئے 10 نئے ہائیڈل پاور سٹیشنوں اور واٹر ڈیموں کی تعمیر و ترقی کرانے اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بھاشاڈیم سمیت دیگرمنصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے:سابق چیئرمین واپڈا
May 13, 2022