ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز عوامی خدمت کے جذبے سے کام کریں: ایڈیشنل چیف سیکرٹری 

May 13, 2022

ملتان(نمائندہ نوائے وقت) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کی۔ ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے علاوہ معروف موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹر شہزاد امیر نے شرکت کی۔تربیتی ورکشاپ میں کامیابی،شخصیت  خدمت خلق، انسانی رویے اور اقدار پر بحث کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کامیابی کے حصول کے لئے منزل کا تعین ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مثبت سوچ کسی بھی شخصیت کا خاصا ہوتی ہے اور مثبت سوچ کے ذریعے کئے گئے فیصلوں کے دور رس نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز محکموں کے مقررہ  اہداف کے حصول کے لئے اپنی بھرپور  انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں، عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کریں اور عوام کے لئے اپنے آفس کے دروازے کھلے رکھیں۔ورکشاپ میں سیکرٹری ہاوسنگ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری لائیوسٹاک، سیکرٹری ایری گیشن، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈر ی ہیلتھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،سیکرٹری فاریسٹ اینڈ فشریز، سپیشلائزڈ ہیلتھ، خزانہ،تعلیم،محکمہ زراعت اور سی اینڈ ڈبلیو کے ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن نے شرکت کی۔

مزیدخبریں