ملتان(نمائندہ نوائے وقت )ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر اولیاء کیلئے بیوٹیفکیشن کا ایک اور تحفہ دیا گیا ہے گزشتہ روز نادرن بائی پاس پر قائم سہو چوک پر خوبصورت یادگار کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی کے ہمراہ یادگار کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عامر بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے کہا کہ یادگاریں تعمیر کرکے شہر کی صدیوں پرانی تاریخ کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ضلعی انتظامیہ نجی سیکٹر کے تعاون سے مرکزی چوکوں پر 6 یادگاروں کی تعمیر مکمل کرچکی ہے۔ معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ رومی گروپ نے جدید طرز پر سہو چوک تعمیر کیا ہے مستقبل میں بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔خواجہ جلال الدین رومی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ نادار افراد کو بلامعاوضہ کھانا فراہم کرنے کیلئے "مہر فاطمہ دستر خوان" شروع کیا جارہا ہے جس میں روزانہ 3 سو سے زائد افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے جلال الدین رومی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے دستر خوان کی جگہ سمیت تمام معاونت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔