راولپنڈی (جنرل رپورٹر)واپڈا کے سابق چیف اور اولڈ فیضیئن بوائے صلاح الدین الرفاعی نے کہا ہے ، پاکستان کا قیام اسلام کا بڑا فیض ہے جبکہ انجمن فیض الاسلام پورے معنوی و عملی اعتبار سے اسلام کا فیض ہے جو قیام پاکستان سے چار سال قبل بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم پر قائم ہو کرنہ صرف یتامی اور بے سہارا بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کر رہا ہے بلکہ قومی تعمیر نو میںبھی اپنے حصے کا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے ۔ پاکستان کی مسلح افواج سمیت قومی تعمیر کے ہر ادارے میں انجمن فیض الاسلام کے تعلیم و تربیت یافتہ افراد امانت و دیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں یا دے چکے ہیں ۔ فوج اگر ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے تو بلا مبالغہ انجمن فیض الاسلام ہماری نظریاتی سرحدوں کا محافظ ہے جس کے دائرہ عمل کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن فیض الاسلام کے 79 ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں انجمن کے سابق طلبہ کے اجلاس اور ’’قومی تعمیر نو میں انجمن فیض الاسلام کا کردار ‘‘کے موضوع پر محفل مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محفل مذاکرہ کی صدارت صدر انجمن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کی جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر محترمہ اظہار فاطمہ ، جنرل سیکریٹری انجمن راجا فتح خان ، جوائنٹ سیکریٹری طاہر ضیاء ، انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروں سے 50 ء کی دھائی اور اس کے بعد تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے انجمن کے سابق طلبہ سمیت انجمن کے سکولوں کے اساتذہ کرام ، طلبہ اور اپنا گھر کے رہائشی بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ،جامع مسجد فیض آباد میں طلبہ نے انجمن کے عہدیداران کے ہمراہ قرآن خوانی کی ، سابق طلبہ نے اپنے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ جس مقام پر کھڑے ہیں اس کا کریڈٹ انجمن فیض الاسلام کو جاتا ہے ۔ یہاں ہمارے انتہائی مہربان اور شفیق راہبروں اور اساتذہ نے یتیم اور لاوارث بچوں کو اس طرح پروان چڑھایا جس طرح والدین اپنے بچوں کی پرورش کرتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی یاداشتوں کا بھی ذکر کیا اور محسنین انجمن کو خراج عقیدت پیش کیا ،پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ انجمن فیض الاسلام محض یتیم خانہ نہیں جہاں بچوں کی پرورش کی جاتی ہے بلکہ اس ادارے کے زیر انتظام پرائمری سے ہائی سطح تک کے پانچ سکول ، مساجد و مدارس اور ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بچوں کومعاشرے کا ایک کامیاب اور باعمل مسلمان بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں ۔