لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے حکومت کو معیشت کی بہتری اور اصلاحات کیلئے اپنی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی پالیسی ناگزیر ہے جس سے معیشت کے گرد محفوظ حصار اورکسی بھی جماعت کی حکومت کے آنے یا جانے سے معیشت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ٹیکس بار کے صدر نعمان یحییٰ ودیگر عہدیداروںنے پہلے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب صدر شکیل احمد بسرا،سیکرٹری جنرل مرزا مبشر بیگ ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران زوہیب الرحمن زبیری،طارق محمود میور،فیصل اقبال خواجہ،انیب اختر انصاری و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے ہاں معیشت کو ایڈہاک ازم پر چلایا گیا، جس کا خمیازہ کمزورمعیشت کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔اصلاحات کے ذریعے نظام کومضبوط کیا جائے نہ کہ وزراء اور چیئرمین ایف بی آر بار بار تبدیل کئے جائیں۔ٹیکسز کے نفاذ کے وقت سٹیک ہولڈرز کو مشاورت کا حصہ بنایا جاتا ہے او رنہ ہی سبسڈی دیتے وقت کوئی رائے لی جاتی ہے۔74 سالوں میں ٹیکس گوشوارے دینے والوں کی تعداد صرف 30لاکھ اور ٹیکس ہدف 6150ارب روپے ہے، جس سے حکومتی اخراجات تک پورے نہیں ہو پاتے۔