پاکستان نیوی وار کالج: معاشی بہتری کیلئے لاہور چیمبر میں انٹرایکٹو سیشن 

May 13, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان نیوی وار کالج کے 51ویں سٹاف کورس کے شرکاء نے ملک کی معاشی بہتری کیلئے کاروباری برادری کا کردار  تلاش کرنے کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔وفد نے آزادانہ تجارت کے معاہدوں اور  معاشی چیلنجز پر قابو پانے کی حکمت عملی کے حوالے سے سوالات کیے ،لاہور چیمبر کے عہدیداران نے جن کے تفصیلی جوابات دئیے۔ وفد کی سربراہی پاکستان نیوی وار کالج کے وفد کی قیادت ڈپٹی کمانڈنٹ پی این وار کالج کیپٹن راؤ احمد عمران کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا جب تک کہ اس کے پاس مضبوط نظام نہ ہو۔ انہوں نے پالیسی سازی میں لاہور چیمبر کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک میں تجارت اور صنعت کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ صنعت و تجارت کے مفادات کیلئے کام کرنے کیساتھ لاہور چیمبر سماجی شعبہ میں بھی پوری طرح فعال اور شالامار ہسپتال و لبارڈ جیسے اداروں کو سپورٹ کررہا ہے۔ نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ لاہور چیمبر نے اپنے ممبران کی سہولت کیلئے سمارٹ سروسز کے قیام پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس وقت لاہور چیمبر میں متعدد ہیلپ ڈیسک ایک ہی چھت تلے کام کر رہے ہیں، جن سے لاہور چیمبر کے ممبران استفادہ کررہے ہیں۔

مزیدخبریں