انٹربورڈ کا امپرومنٹ آف ڈویژن کیلئے طلبہ کیلئے اعلان


کراچی (نیوز رپورٹر)  اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے آئی بی سی سی کے فیصلے کی روشنی میں امپروومنٹ آف ڈویڑن /گریڈ بہتر بنانے کیلئے طلباء کو چار مواقع دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر و پرائیویٹ، آرٹس ریگولر و پرائیویٹ اور ہوم اکنامکس کے ایسے تمام طلباء جو امپروومنٹ آف ڈویڑن/گریڈ کا امتحان پہلے دے چکے ہیں لیکن دوبارہ دینا چاہتے ہیں وہ سالانہ امتحانات برائے 2022ء  میں شرکت کیلئے اپنے امتحانی فارم 17یا زیادہ گریڈ کے سرکاری افسر سے تصدیق کے بعد بروز جمعرات 12مئی سے بروز منگل 31مئی 2022ئ￿  تک 6 ہزار روپے فیس کے ساتھ انٹربورڈ میں واقع UBL  یا JS   بینک کے بوتھ میں 
جمع کرواسکتے ہیں۔ کوریئر کے ذریعہ بھیجے گئے امتحانی فارم قابل قبول نہیں ہوں گے۔ امیدواروں کیلئے امتحانی فارم کے ساتھ امپروومنٹ آف ڈویڑن/گریڈ کے امتحانات کی آخری اوریجنل مارکس شیٹ، اپنے تعلیمی ادارے کے سربراہ سے تصدیق شدہ ناظم امتحانات کے نام لکھی گئی درخواست اور ہائرایجوکیشن یا کسی یونیورسٹی میں داخلہ نہ لینے کا حلف نامہ بھی جمع کروانا ہوگا۔امیدوارامتحانی فارم اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk   سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے واضح کیا ہے کہ امپروومنٹ آف ڈویڑن/گریڈکے دوبارہ امتحانات دینے والے طلباء جن پرچوں کا امتحان دیں گے اس میں حاصل کردہ نمبر ز ہی نتائج میں شمار ہوں گے، طلباء  نے پہلے امپروومنٹ آف ڈویڑن/گریڈ کے امتحانات میں جو نمبرز حاصل کیے تھے وہ نتائج میں شامل نہیں کیے جائیں گے۔انٹربورڈ کراچی نے UBL  یا JS  بینک کی کسی بھی برانچ میں فیس جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی ہوئی ہے۔طلبہ و طالبات UBLکی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591   اور JS بینک کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر 1514547میں امتحانی فیس جمع کرواسکتے ہیں۔ طلبہ و طالبات امتحانی فارم اور جمع کردہ فیس کا واؤچر اسی دن یا اگلے دن انٹربورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہیں، طلبہ و طالبات اس مدت میں امتحانی فارم اور جمع کردہ فیس کا واؤچر بورڈ آفس میں جمع نہیں کرواسکے تو انٹربورڈ ذمہ دار نہیں ہوگا اور فیس واپس نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن