کراچی(نیوز رپورٹر)روٹری کلبز دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی تعلیمی، فلاحی اور اور صحت
عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل کوشاں اورسرگرم عمل ہیں۔ روٹری کے پاس رضاکاروں کا ایک بڑا گلوبل نیٹ ورک موجود ہے جس کے تحت یہ تنظیمی رضاکار اپنا وقت اور اپنی صلاحیتیں اہم انسانی اور سماجی ضرورتوں کی تکمیل و انجام دہی میں مصروف رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نو تشکیل شدہ روٹری کلب کراچی سٹی کے چارٹرڈ پریذیڈنٹ نسیم شاہ ایڈوکیٹ نے کراچی پریس کلب میں سوشل ریفارمر ڈاکٹر انیلہ قیوم کے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ میں کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر انیلہ کی سالگرہ کے حوالے سے روٹری کلب کی طرف سے پھولوں کے تحائف اور کیک کٹنگ بھی کی گئی۔ تقریب سے کلب کے آنریری سیکرٹری مسعود عالم اور سینیئر روٹرین ساجد اقبال نے بھی خطاب کیا اور روٹری کے مقاصد اور معاشی و معاشرتی خدمات کے حوالے سے گفتگو کی۔ تقریب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید راشد عزیز ، روٹری کلب جنکشن کے سابق صدر ساجد اقبال، کراچی سینٹرل جیل کی لیڈی ڈاکٹر حمیرہ رسول خلق خدا کی چیئرپرسن سمیرا جاوید، میمن فیڈریشن کے جاوید میمن, آج ٹی وی کے کامران مغل، معروف ادبی شخصیت اصغر خان ، سوشل ایکٹیوسٹ یاسمین خان، فاروق عرشی اور دیگر علمی ، ادبی اور صحافتی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔