سید زیب حسن جعفری
گزشتہ دنوں عمان کے شہر سبز و گل صلالہ میں راقم الحروف، سید زیب حسن جعفری کی سرپرستی میں اور مشہور پاکستانی بزنسمی?ن ملک محمد اکرم کے تعاون سے ایک مقامی ریستوران میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا، جس میں ہمارے کمیونٹی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ افطار سے قبل تقریب اعزاز منعقد ہوئی، جس کا آغاز قاری محمد عبیداللہ نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ بعد ازاں ثنا خوان محمد جنید نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد عبیداللہ نے مستقبل میں نوجوان نسل کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے میری طرف سے کمیونٹی کو اکٹھا کرنے کی غرض سے کیے گئے اس کار خیر کی ستائش کی اور کہا کہ ہمیں آپس میں مل جل کر اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہیئے۔ انھوں نے اس طرح کی تقاریب کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ ایک کامیاب معالج کے طور پر نیک شہرت کے حامل، ڈاکٹر اکبر علی خان، جو عرصہ دراز سے صلالہ میں قیام پذیر ہیں اور پاکستان اسکول صلالہ کی مجلسِ منتظمہ کے چیئرمین کی حیثیت سے دوبار خدمات انجام دے چکے ہیں، نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس دعوت افطار کے میزبان، معروف سماجی شخصیت سید زیب حسن جعفری کا مسقط سے صلالہ کا طویل سفر طے کر کے یہاں کمیونٹی کو یکجا کرنے کے لئے مخلصانہ تگ و دو کرنا لائق تحسین امر ہے۔ ڈاکٹر اکبر ملک، جنھیں کورونا کی مہلک وبا کے دوران میں کمیونٹی کی بیلوث خدمت کے اعتراف میں عمان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تعریفی سند سے نوازا گیا، نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پاکستان سوشل کلب۔ عمان کی صلالہ برانچ کے سابق صدر فضل حسین نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سفارتخانہ پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے، جسے پاکستانی کمیونٹی کی یکجہتی کی بدولت مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اسکول صلالہ کی مجلسِ منتظمہ کے باکمال اور ہردلعزیز چیئرمین، محمد عدیل نے منتظمین تقریب کی جانب سے کچھ اہم پاکستانی شخصیات کو ان کی نمایاں سماجی خدمات کے پیشِ نظر اعزازی شیلڈیں پیش کیں۔ پہلی شیلڈ پچھلے ساڑھے چار عشروں سے زائد مدت سے عمان میں مقیم، ایک معروف ادارے میں اعلیٰ منصب پر فائز نیک دل شخصیت، محمد افضل کو دی گئی، جو پاکستان اسکول صلالہ کے علاوہ اپنی کمیونٹی سے بھی مالی تعاون میں پیش پیش رہتے ہیں۔ اعزازی شیلڈیں وصول کرنے والی دیگر اہم شخصیات میں ڈاکٹر اکبر علی خان، ڈاکٹر محمد اکبر ملک، ڈاکٹر محمد رضوان، محمد شاہ جہان اور محمد جنید کے نام شامل ہیں۔ مہمان خصوصی، محمد عدیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان اسکولز سسٹم عمان کے صاحب علم و دانش چیئرمین، امیر حمزہ کی سربراہی میں اپنی محنت شاقہ اور پاکستانی کمیونٹی کے پرخلوص تعاون سے پاکستان اسکول صلالہ کو ایک مثالی اسکول بنانے کا عزم دہرایا۔ پاکستانی کمیونٹی کے سینیئر ممبران نے مذکورہ تقریب اور دعوت افطار کی میزبانی اور اس کے بہترین انتظامات کے حوالے سے راقم الحروف، سید زیب حسن جعفری کی انتھک مساعی اور ملک محمد اکرم کے تعاون کو خوب سراہا۔