جی ڈی اے کی رکن سائرہ بانو کی جانب سے کورم کی نشاندہی کئے جانے پر حکومت کورم پورا نہ کر سکی ، ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اجلاس 30 مئی پیر تک ملتوی کر دیا
قومی اسمبلی میں حکومت کو کورم کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، جی ڈی اے کی رکن سائرہ بانو کی جانب سے کورم کی نشاندہی کئے جانے پر حکومت کورم پورا نہ کر سکی جس کے باعث ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اجلاس30 مئی پیر تک ملتوی کر دیا۔جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں ہوا، وقفہ سوالات کے دوران جی ڈی اے کی رکن اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ 13سوالوں کے جواب نہیںآئے ہیں، منسٹرز کی دونوں لائنیں خالی ہیں، نہ حکومت ہے نہ اپوزیشن ہے، لیڈر آف اپوزیشن نہیں ہیں،ا جلاس کے دوران کچھ متعلقہ وزراءکی عدم موجودگی پربھی اپوزیشن ارکان نے اعتراض اٹھایا ،جس پر ڈپٹی اسپیکر نے حکومت کو ہدایت کی کہ ہر منسٹر اجلاس میں آئے ، انہوں نے متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بھی اجلاس کے دوران موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ وقفہ سوالات کے دوران ہی جی ڈی اے کی رکن اسمبلی سائرہ بانو نے کورم کی نشاندہی کردی ، گنتی کرانے پر کورم پورا نہ نکلاجس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کی کاروائی 30 مئی پیر تک ملتوی کردی۔