مون سون کی تیاریوں کے بارے میں قومی کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی جس میں آئندہ مون سون کیلئے تیاریوں اور تمام محکموں کے درمیان رابطوں کا جائزہ اور اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے کانفرنس کا اہتمام کیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ناگہانی آفات سے نمٹنے کے صوبائی اداروں، مسلح افواج ، ہنگامی ردعمل کی خدمات اور دوسرے متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی اور اب تک مون سون کیلئے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ ا س موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات اور خصوصا سیلاب سمیت مختلف آفات سے نمٹنے کے حوالے سے پائی جانے والی خامیوں سے آگا ہ کیا۔