لاہور (نامہ نگار) تحریک انصاف کے کارکنوں کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران پنجاب پولیس کا کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد واقعات میں پنجاب پولیس کے زیر استعمال 72 جبکہ 8 نجی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کیا گیا۔ جن میں لاہور میں 23، راولپنڈی 18، فیصل آباد 18، ملتان 8، سیالکوٹ 5،گوجرانوالہ 3، اٹک میں ایک پولیس وہیکل کو نقصان پہنچا۔ پولیس کا اینٹی رائیٹ کا سامان اور دیگر آلات بھی پرتشدد کارروائیوں میں ٹوٹ پھوٹ کا نشانہ بنے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیمیں پولیس اور دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی تصاویر، ویڈیوز کی مدد سے حاصل کرکے شناخت کے لیے نادرا کو بھجوا رہی ہیں۔ شناخت ہونے والے افراد کو مذکورہ مقدمات پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے درج مقدمات میں نامزد اور گرفتار کیا جائے گا۔