اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ٹیلی کام انڈسٹری ذرائع کے مطابق حکومت کو موبائل براڈ بینڈ سروس سے روز ساڑھے 28کروڑ ٹیکس ریونیو ملتا ہے اور تین دن کی بندش سے حکومت کو تقریباً 86 کروڑ کے ٹیکس ریونیو کا نقصان پہنچا ہے۔آل پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق آئی ٹی سیکٹر کا ایک دن کا کاروبار 12 ملین ڈالر ہے اور تین دن میں آئی ٹی سیکٹر کو 10 ارب کا نقصان پہنچا ہے۔تاجر رہنما فیضان راوت نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز بند ہونے سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، ہمارے ریسٹورنٹ سے وابستہ افراد جو آن لائن سروسز دیتے ہیں کوریر سروس اور رائڈرز بھی متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سافٹ وئیر ہاؤس کو سروسز فراہم کرنے والے، آئی ٹی سینٹر، ٹیکس سینٹر، ڈیٹا سینٹرز اور آن لائن بینکنگ والے بھی متاثر ہو رہے ہیں، پچھلے چار روز سے ڈیٹا معطل ہونے سے لوگ اذیت کا شکار ہیں، آن لائن سروسز کو بحال کیا جائے۔انٹر نیٹ کی بین الالقوامی تنظیم نے بھی انٹر نیٹ کی بندش پر تشویش ظاہر کی ہے ۔