وزیرآباد (نامہ نگار) وزیرآباد میں بیلف کا چھاپہ، تین روز تک مقامی پیر کی قید میں رہنے والے اس کے اپنے بیوی بچے بازیاب کرا لئے۔ عدالت نے قید رہنے والے بچوں اور پیر کی بیوی کو ننھیال کے حوالہ کر دیا۔ ظالم و بے رحم پیر نے تین روز اہلخانہ کو بھوکا پیاسا قید کیے رکھا۔ وزیرآباد کے علاقہ دھونکل میں مقامی پیر ناصر سیفی کی قید سے گوجرانوالہ سے آنے والے بیلف نے اس کے اہلخانہ کو آزاد کروا دیا۔ پولیس تھانہ صدر کے ہمراہ بیلف نے چھاپہ مارا۔ پیر نے اپنے ہی اہلخانہ کو تین روز سے گھر میں قید کر رکھا تھا۔ مقامی افراد نے صحافیوں کو بتایا کہ پیر ناصر سیفی اپنے اہلخانہ سے ناروا سلوک کرتا ہے اور قبل ازیں بھی کئی بار اہلخانہ کو حبس بے جا میں رکھ چکا ہے۔ تین روز قبل بھی پیر نے اپنی بیوی، بیٹی اور دو بیٹوں کو گھر میں تالے لگا کر بند کیے رکھا اور کھانے پانی سے بھی محروم رکھا۔ بیوی شمع کے بھائی شہباز ساہی کو اطلاع کی گئی جس نے گوجرانوالہ سے بیلف لا کر تھانہ صدر پولیس کے ہمراہ قید ماں بیٹی اور بیٹوں کو آزاد کروا لیا۔ پیر ناصر سیفی سے واقعہ کی بابت رابطہ کی کوشش کی گئی لیکن وہ کسی بھی قسم کے موقف سے انکاری ہو گیا۔
پیر