گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف کی زیر قیادت آرپی او آفس میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے پر غور کیا گیا ۔کمیٹی میں سٹی پولیس افسر گوجرانوالہ کے علاوہ ریجن بھر کے ڈی پی او ز بذریعہ ویڈیو لنک شامل ہوئے۔کمیٹی کے ممبران نے ملازمین کے سروس ریکارڈکی چھا ن بین ، کردار ، شہرت اور کام سے دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے 43 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی کے عہدہ پر جبکہ 43 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پرپروموٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسرڈاکٹر حیدر اشرف نے ترقی پانے والے افسران کو پیغام دیتے کہا کہ وہ محکمہ کا ایک اہم حصہ ہیں ۔ ترقی یاب ہونے سے ان کے کندھے پر ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ ان ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور اپنے کام کو بوجھ نہیں سمجھیں گے۔شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہو نی چاہیے۔