ملتان کی بہاولپور روڈ پر نجی آئل مل میں پرانے کنویں میں اترنے والے چار افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق جمعے کو رات گئے بہاولپور روڈ پر لئیق ہسپتال کے قریب ایک نجی آئل مل میں پرانے کنویں کی صفائی کے دوران چار افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ریسکیو ٹیم اطلاع ملتے ہی فوری موقع پر پہنچی تو پتہ چلا کہ کنواں جس میں صابن اور تیل کی باقیات کے باعث زہریلی گیسیس تھیں جن کی وجہ سے مذکورہ چار وں افراد دم گھٹنے سےبے ہوش ہوئے۔ریسکیو ٹیم نے کنویں میں زہریلی گیسیں ہونے کے باعث سپیشل سوٹ اور سیلف کنٹینڈ بریدنگ اپریٹس (ایس سی بی اے )کا استعمال کرتے ہوئے امدادی کاموں میں میں حصہ لیا اور چاروں افراد کی لاشوں کوکنویں سے نکال کر 15 پر کال کر کے پولیس کو بھی واقعہ کی اطلاع دی ۔جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت چاند اشرف،عرفان لطیف،امانت اور ارشد نذیر کے نام سے ہوئی۔ متعلقہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کے بعدکنویں سے نکالی گئی لاشوں کو نشتر ہسپتال کے سرد خانے منتقل کروادیا۔موقع پر موجود افراد کے مطابق ایک شخص کنویں کی صفائی کے دوران بے ہوش ہوا جبکہ دوسرا ،تیسرا اور چوتھا شخص ایک دوسرے کو بچانے کیلئے کنویں میں گئے اور بے ہوش ہوکر جاں بحق ہو گئے۔
ملتان،کنویں میں اترنے والے چار افراد دم گھٹنے سے جا ں بحق
May 13, 2023 | 15:40