شہباز شریف نے زیر علاج ڈی آئی جی اور ڈی ایس پی کے اہل خانہ کو حوصلہ دیا ،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی بھی ہمراہ تھے
آپ نے تحمل اوربرداشت کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی،آپ قوم کے ہیرو ہیں‘ شہباز شریف کی گفتگو
وزیراعظم شہبازشریف نے سروسز ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ( سی ایم ایچ ) کا دورہ کر کے سیاسی جماعت کے کارکنوں کے پتھراﺅ سے زخمی ہونے والے پولیس افسران ،سکیورٹی اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ۔شہبازشریف نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اورسی ایم ایچ میں زیر علاج ڈی ایس پی بلال،کانسٹیبل شکیل اورسکیورٹی اہلکارفیصل کی عیادت کی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور دیگر بھی وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی سمیت دیگر زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کے والد اورڈی ایس پی بلال کی صاحبزادی کو حوصلہ دیا۔شہبازشریف اور محسن نقوی نے زخمی افسروں اورجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے تحمل اوربرداشت کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی،قوم کو آپ پر فخر ہے،آپ قوم کے ہیرو ہیںجنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لئے آپ نے جذبے اورعزم سے فرائض سرانجام دیئے۔جلاﺅ، گھیرا ﺅاور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پتھرا ﺅکرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔