لاہور(سپورٹس رپورٹر)محمد رضوان اور فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی ۔ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان آئرلینڈ نے 7 وکٹوں پر 193 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے 3 ، عباس آفریدی نے 2 اورمحمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔پاکستان ٹیم نے 194رنز کا ہدف 6.5اوورز میں تین وکٹوں پر پورا کرلیا ۔ فخر زمان 78رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ محمد رضوان 75رنز پر ناقابل شکست رہے ۔محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ سیریز کا تیسرا میچ کل کھیلا جائیگا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ جیت کر اطمینان محسوس کررہا ہوں ۔ کریڈٹ بیٹرز کو جاتا ہے ۔ ہم وکٹیں جلد کھو دیں مگر مومینٹم جاری رکھا ۔ پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ اچھا ثابت ہوا۔ تیسرے میچ میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے ۔ آئرش کپتان پال سٹرلنگ نے کہا کہ کیچز ڈراپ کرنا بہت مہنگا پڑا ۔ مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے ۔مین آف دی میچ محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان بہت اچھا کھیلا ۔ ہدف آسان نہیں تھا ‘ہم نے تیز کھیلنے کی کوشش کی ۔