حکومت مزارات پر غیر شرعی ، غیر قانونی معاملات پراقدامات کرے:طاہر ڈوگر  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامع مسجد اقصیٰ لالہ زار گارڈن 80فٹ روڈ مرغزار میں ہونیوالے روحانی اجتماع سے ولی کامل شیخ المشائخ حکیم صوفی شیخ طارق احمد شاہ ، صدر پاکستان سنی تحریک وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلسنت ملک کی غالب اکثریت اور محب وطن ہیں۔ اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔ مزارات اولیاء اور مقدسات کا تحفظ کرنے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ حکومت مزارات پر غیر شرعی اور غیر قانونی معاملات کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ نفرتوں کو ختم اور محبتوں کو عام کرنے کیلئے اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں۔ اہلسنت کے علماء و مشائخ اور پیران عظام نے ہمیشہ شریعت کی پابندی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔ اہلسنت کے حقوق و مقدسات پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے۔ پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے۔ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لیجانا ہے تو بزرگان دین کی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن