لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا ہے کہ دہریت اور مذہب سے بے زاری بہت بڑا فتنہ ہے۔سوشل میڈیا پر اسکے پرچار کو روکنا ہو گا۔ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے سدباب کے ساتھ قوانین اور حکومتی اقدامات سے متعلق عوامی آگاہی بھی ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے انسداد مذہبی منافرت مہم کے تحت یوای ٹی ٹیکسلہ میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا میڈیا کوآزادی اظہار رائے کے درست استعمال اور اس کی آڑ میں کسی بھی مذہب کے پیروکاروں کی دل آزاری اور انہیں تکلیف پہنچانے کی سنگینی سے متعلق آگاہی کو عام کیا جائے۔ مذہب، مذہبی مقدسات اور شخصیات کی توہین کو عالمی طور پر ناقابل قبول عمل قرار دینے کیلئے رائے عامہ ہموار کی جائے۔ اسی طرح یہ تعلیم وآگاہی بھی پیدا کی جائے کہ ایسے کسی بھی واقعہ کی صورت میں عوام قانون کو ہاتھ میں لینے کی بجائے قانون کے مطابق کاروائی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں۔ فرط جذبات، اشتعال اور کسی بھڑکاوے میں آ کر ہر گز قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ سیمینار سے ڈاکٹر عبدالرحمن شاہ نے بھی خطا ب کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر الزمان نے انسداد مذہبی منافرت مہم کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔