لاہور (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف ایک حقیقت ہیں، ان کے ساتھ گرینڈ ڈائیلاگ کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔ نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف گرینڈ ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بھی اتفاق ہوسکتا ہے، ڈائیلاگ غیر مشروط ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کو ماننا ہوگا کہ جس طرح وہ ایک حقیقت ہیں اسی طرح نواز شریف اور آصف زرداری بھی ایک حقیقت ہیں۔ دوسرے سٹیج پر گرینڈ ڈائیلاگ میں ادارے شامل ہوسکتے ہیں، گرینڈ ڈائیلاگ میں ادارے شامل ہوں گے تو ہی بات بنے گی۔ گرینڈ ڈائیلاگ کی پیشکش اپنے لیڈر اپنی جماعت کی ایما پر کر رہا ہوں کسی اور کی ایما پر گرینڈ ڈائیلاگ کی پیشکش کی بات غلط ہے۔ مینار پاکستان کے جلسے میں نوازشریف نے قوم کے سامنے ڈائیلاگ کا کہا۔ اگر ہمارے پاس اختیار نہیں تو مینڈیٹ چوری کا الزام کیوں لگا رہے ہیں؟۔ رانا ثنا نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال مس ہینڈل ہوئی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کو بلایا ہے۔ کشمیر کی صورتحال ایک دو دنوں میں نارمل ہو جائے گی۔
پی ٹی آئی حقیقت، گرینڈ ڈائیلاگ کے سوا آپشن نہیں، قائد (ن) لیگ تیار: رانا ثنا
May 13, 2024