ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، ہم ایک سیاسی یتیم کو سیاسی شہید نہیں بنانا چاہتے۔ علی امین کا طرز عمل دیکھ کر لگتا ہے کہ جلدکوئی جیالا خیبر پی کے کا وزیراعلیٰ ہوگا۔ گورنر ہاؤس کو سازشوں کا گڑھ نہیں بننے دیں گے، صوبیکے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز لانے کی کوشش کریں گے۔ میرے پاس جو عہدہ ہے اس کا مجھے پاس ہے اور مجھے اس عہدے کی حفاظت کرنا آتی ہے، پریشان نہ ہوں، گورنر ہاؤس اور فیصل کنڈی کو ذہن پر سوار نہ کریں، آئیں کام کریں ترقی کریں، اب میں تو ان کے ذہن سے گورنر ہاؤس نہیں نکال سکتا۔ علاوہ ازیں صوبائی حکومت سے کہوں گا کہ پانی کے معاملے پر مل کر کام کریں۔ ڈی آئی خان میں لوڈ شیڈنگ کا بڑا مسئلہ ہے۔ پوری کوشش ہے عوام کو تبدیلی نظر آئے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کم کر کے صفر پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ بات کی ہے کہ خیبر پی کے کا مقدمہ وفاق میں لڑنا چاہتا ہوں۔ صوبے کا وکیل بن کر وفاق سے زیادہ سے زیادہ فنڈز لاؤں گا۔ امن و امان کنٹرول کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے، پوری کوشش ہوگی اپنے عہدے سے انصاف کروں، پندرہ سال بعد کسی گورنر خیبر پی کے نے قائداعظم کے مزار پر حاضری دی۔ صوبے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ جبکہ ہماری زمینیں آباد ہوں گی تو دوسرے صوبوں کو بھی گندم دیں گے۔ ڈی آئی خان کی حالت سب کے سامنے ہے۔ ڈی آئی خان میں جج اغوا ہوا، کسٹم اہلکار قتل ہوئے۔
گنڈا پور سیاسی شہید بننا چاہتے‘ لگتا ہے جلد جیالا وزیراعلیٰ ہو گا: گورنر خیبر پی کے
May 13, 2024