اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد جموں و کشمیر کے مسائل بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کریں، سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ صدر مملکت نی کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے، موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کروں گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ صحت، تعلیم، سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ صدر آصف علی زرداری نے دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے آزاد جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکار کی افسوسناک ہلاکت پر تعزیت کا بھی اظہارکیا۔ صدر مملکت نے حالیہ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔