کسانوں کیلئے سولر ٹیوب ویل سکیم لا رہے، 10 ارب سے 1200 کھالے پکے ہونگے: مریم نواز

لاہور( نوائے وقت رپورٹ)  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی وزیر اریگیشن کاظم پیرزادہ نے ملاقات کی،جس میں محکمہ انہار کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا- اریگیشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا جائزہ لیا گیا-کاشتکاروں کو ٹیل تک پانی کی بروقت فراہمی کے تجاویز پر غورکیا گیا-صوبے بھر میں کھالوں کو پختہ کرنے کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پہلے مرحلے میں 10 ارب کی لاگت سے 1200 کھالے پکے کیے جارہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں صوبہ بھر میں 7ہزار کھالے پکے کیے جائینگے۔انشاء￿  اللہ آئندہ 5 سالوں میں کھالوں کو پختہ کردیا جائے گا۔ کھالے پکے ہونے سے نہروں کے ٹیل پر بھی کاشتکاروں کو وافر پانی دستیاب ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے لئے سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ نہری پانی کی چوری برداشت نہیں، سدباب کے لئے موثر کارروائی کی جائے گی۔صوبائی وزیر اریگیشن کاظم پیرزادہ نے کہاکہ مریم نواز کی قیادت میں کابینہ اور ٹیم عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کررہی ہے۔انشاء￿  اللہ قائد میاں نوازشریف کے ویڑن کے مطابق کاشتکار کی فلاح وبہبود کا مشن پورا کرینگے۔ سینٹر پرویز رشید بھی موقع پر موجود تھے- علاوہ ازیں  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماؤں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سراپا شفقت و عنایت ماؤں کی عظمت کو سلام۔مدر ڈے غزہ اور کشمیر کی پرعزم اور حوصلہ مند ماوں کے نام۔ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں ٹھنڈی چھاوں کی مانند راحت وسکون ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کو ماں کی محبت سے تشبیہ دیکر درجہ بلند کردیا۔ماں، سچے جذبے اور رشتے کا نام ہے۔ مائیں خاندان کا سنگ بنیاد اور معاشرت کا ستون ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدر ڈے ماؤں کی غیر معمولی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ مدر ڈے اور ہر دن اپنی عظیم ماں کی کمی محسوس کرتی ہوں۔ ہمیشہ والدہ محترمہ کلثوم نواز شریف کی محبتوں کی شکر گزار رہوں گی۔ والدہ محترمہ کی دعاؤں کی بدولت آج اس منصب پر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیاو آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن