اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے حل کے لئے پرامن لائحہ عمل اختیار کریں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بحث و مباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کی خوبصورتی ہیں لیکن قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اپنی ایکس ٹائم لائن پر پوسٹ میں کہا بدقسمتی سے افراتفری اور اختلاف رائے کے صورتحال میں ہمیشہ بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو فوری سیاسی پوائنٹ سکورنگ شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بھی بات کی اور خطے میں مسلم لیگ (ن) کے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کے ساتھ مل کر پرامن حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا مخالفین کی کوششوں کے باوجود امید ہے یہ معاملہ جلد حل ہوجائیگا۔ مزید براںوزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پرآج بروزسوموار کو اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آزادکشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا بدقسمتی سے اس صورتحال میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی جا رہی ہے۔ پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے مگر احتجاج کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صدر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے ان کی وزیراعظم پاکستان سے گفتگو ہوئی۔ انہوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔ شاہ غلام قادر کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا تمام فریقین آزادکشمیر میں امن وامان قائم کرنے میں کردار ادا کریں، انتظامیہ امن وامان بحال کرنے کے لیے بات چیت کا دروازہ کھولے۔ مذموم عناصر کی کوششوں کے باوجود یہ معاملہ جلد پرامن طریقے سے حل ہو جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سردار محمد الیاس خان کی کوششوں اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بہتر بنانے کے لیے ان کے تعاون کو سراہا۔سردار الیاس خان کی کاوشوں سے پاکستان فوجی فاؤنڈیشن کے ذریعے التمیمی گلوبل کو کئی دیگر غذائی مصنوعات کے ساتھ ساتھ گوشت بھی برآمد کرے گا، وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں التمیمی گروپ کی طرف سے 13000 پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا عمل لائق تحسین ہے۔صدر التمیمی گلوبل نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے ون ونڈو آپریشن فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں شامل ہے ایک جامع سیاحتی پالیسی ترتیب دے کر سیاحت کے زریعے ملکی معیشت کو سنبھالا دیا جاسکتا ہے۔وزیر اعظم نے جی ڈی پی کی شرح کو بڑھانے کے لیے مقامی پیداوار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے برآمدات میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے سردار محمد الیاس خان کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے مقامی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں کے لیے حکومت کی غیر متزلزل حمایت کے بارے میں یقین دہانی بھی کرائی۔