حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 100سینٹری ورکرز کو ایک بار پھر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا جس پر ملازمین اور سی بی اے یونین سراپا احتجاج بن گئی۔ سی بی اے یونین کے چیئرمین اسحٰق کھوکھر کی قیادت میں متاثرہ ورکرز نے شدید احتجاج کرتے کہا میونسپل کمیٹی میں سینٹری ورکرز کی پہلے ہی بہت کمی ہے اور اب ڈیلی ویجز ورکرز کو فارغ کرنے سے شہر دوبارہ کچرا کنڈی بن جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا کہ ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز کو فوری بحال کر کے انہیں مستقل کیا جائے تاکہ صفائی ستھرائی کا کام متاثر نہ ہو۔