لاہور(سپورٹس رپورٹر) 16ویں چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل مصر کے محمد زکریا نے اپنے نام کرلیا۔ چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے ناصر اقبال کو 1-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ابتدائی سیٹ پاکستانی کھلاڑی کے نام رہا مگر وہ بعد میں اپنی برتری برقرار نہ رکھ سکے۔مصری حریف نے کم بیک کرتے ہوئے مزید 2 سیٹ جیت لیے اور یوں حتمی مقابلے میں فتح سمیٹی۔ بعدازاں اختتامی تقریب میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ 2000 ء سے سکواش کے مقابلے منعقد کرا رہی ہے۔ چیمپئن شپ میں ملکی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں میں اچھے مقابلے ہوئے، چیمپئن شپ میں بڑی تعداد میں غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ چیمپئن شپ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کھیلوں کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکتا ہے، کھلاڑی مثبت سوچ کیساتھ محنت کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کریں۔