اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی تعمیر وترقی میں مسیحی برادری اہم کردار ادا کر رہی ہے،خصوصا تعلیم اورصحت کے شعبہ میں مسیحی برادری کی خدمات قابل ستائش ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے رکن قومی اسمبلی نوید امیر جیوا کی قیادت میں مسیحی برادری کی جانب سے اپنے اعزازمیں دیئے گئے ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے کیایوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسیحی بھائیوں نے تحریک پاکستان میں انتہائی اہم کردار ادا کیا،پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے،قیام پاکستان کے بعد مسیحی برادری نے وطن عزیز کی خدمت میں بھرپور حصہ لیا اورخاص طورپرتعلیم وصحت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،امید ہے کہ مسیحی برادری مستقبل میں بھی مزید لگن کے ساتھ معاشرے کی خدمت کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف اقدامات کے ذریعے آئین کی روشنی میں اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق پر عمل داری کویقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے مسیحی برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اس دوران ممبر قومی اسمبلی نوید امیر جیوا، بشپ یوسف سوہن، بشپ لیو پال روڈرک اور دیگر نے جنوبی پنجاب کی تعمیر ترقی کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کی بے مثال خدمات کو سراہا۔نوید امیر جیوا نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں بطور وزیراعظم اقلیتوں کیلئے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ دینے کے ساتھ ساتھ 11 اگست کو یوم اقلیت قرار دیاتھااس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما خواجہ رضوان عالم، پاسٹر آصف رضا، سیموئل سردار،برادرقمر فادر پیٹرک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔