بہترین معاشرے کی تشکیل کیلئے نفرتوں کو ختم کیا جائے ،پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتازمذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے  وسوسہ شیطان کا خطرناک ترین وار ہے جو ایک مرتبہ دل میں پیدا ہو جائے تو پھر اس کی کوئی حد نہیں ہوتی اور وہ انسان کو اچھائی اور برائی کو متعلق مخمصے کا شکار کر دیتا ہے موجودہ دور کے فتنوں میں اپنے ایمان کی سلامتی کیلئے ضروری ہے ہم اچھی صحبت اختیار کریں جو ہمارے دل میں یہ بات راسخ کرے ٹھیک وہی ہے جو اللہ کریم اور اس کے پیارے حبیب  کے فرامین مبارکہ ہیں اور جن سے مزین ہو کر دین اور دنیا کی یقینی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے اور تمام قسم کے وسوسوں سے نجات پائی جا سکتی ہے۔ دین قطعی طور پر سرگوشیاں کرنے کی ممانعت کرتا ہے کیونکہ ان کے ذریعے بھی دلوں میں وسوسہ پیدا ہوتا ہے۔وطن عزیز میں بہترین معاشرہ تشکیل دینے کیلئے ہمارا کردار ایسا ہونا چاہئے جو نفرتوں کو ختم کرے، محبت اور ایک دوسرے کے احساس کرنے کو عام کرے اور کسی طور پر بھی ہماری ذات لوگوں میں غیبت اور سرگوشیوں کے ذریعے وسوسہ اور نفاق پیدا نہ کرے اِن خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات اور آبارکاری کے لئے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن