اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی رہنما پی ٹی آئی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ناجائز لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو لوگوں کو سڑکوں پر نکالوں گا۔ اسد قیصر نے کہا خیبرپختونخوا میں 18، 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس گرمی میں اس طرح کی لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ غلط پراپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے کہ خیبرپختونخوا والے بل نہیں دیتے، خیبرپختونخوا کا دوسرے صوبوں سے موازنہ کیا جائے تو یہاں بل دینے کی شرح زیادہ ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ بجلی چوری ختم ہو اس کے خلاف حکومت کو مکمل کریک ڈاؤن کرنا چاہئے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ناجائز لوڈ شیڈنگ کو فی الفور ختم کیا جائے، بجلی لوڈ شیڈنگ پر اسمبلی میں بھی بات کروں گا، حکام بالا اور خاص کر چیف پیسکو سے کہتا ہوں کہ ایک گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ کرنے کا شیڈول بالکل قبول نہیں ہے۔