مبصرین کے مطابق دہشتگردی نئی نئی شکلوں میں سامنے آ رہی ہے اور ہر آنے والے دن کے ساتھ اس کی سنگینی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ایسے میں غالبا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مشکل صورتحال سے نکلنے کے لئے مزید موثر اور فعال حکمت عملی اپنائی جائے۔
غالبا اسی تناظر میں پاک فوج کے سربراہ نے دو روز قبل اس صورت حال پر دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سانحہ نو مئی میں ملوث عناصر اب ڈیجیٹل ٹیریزم کے ذریعے مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ انہوں نے لاہور گیریثر ن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گااور پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے اسی تناظر میں اپنی بات مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اسی ضمن میں آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ہے، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل، وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے، تاہم اِس گھناونے منصوبے کے اصل رہنما جو کہ اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں، کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
اسی ضمن میں سالار نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہداء اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔
اسی تناظر میں سنجیدہ حلقوں نے رائے ظاہر کی ہے کہ اسے ملک و قوم کی بدقسمتی ہی قرار دیا جانا چاہیے کہ گزشتہ دو برسوں میں ایک جماعت نے حقیقی آزادی کا شوشہ چھوڑا اور ایسی بے سروپا مہم چلائی جس کا واحد مقصد پاکستان اور پاک افواج کو بدنام کرنا اور جھوٹی خبروں اور بے بنیاد افسانہ تراشی کے ذریعے دنیا بھر میں پاک افواج اور پاکستانی عوام کو کرنا تھا اور یہ سلسلہ اس وقت بھی پوری ڈھٹائی کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے جو زہر مسلسل پھیلایا جا رہا ہے۔اس کے سدباب کے لئے موثر اور ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ پاک مخالف سازشوں کا مکمل خاتمہ مکمن ہو سکے اور مجرموں کو ان کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔
اسی پس منظر میں جانکار حلقوں نے رائے ظاہر کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ مودی سرکار جو کچھ کر رہی ہے وہ کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک و قوم کے سبھی حلقے آزادی کی حقیقی قدر وقمیت پہچانیں اور اس امر کا احساس کرئیں کہ را اور ٹی ٹی پی کے مہروں کے ذریعے جس طور ملک میں انتشار کو فروغ دیا جا رہا ہے اس کے حقیقی محرکات کی پہنچان کی جائے کیوں کہ یہ بات بھی کسی سے پوشیدہ نہیں کہ بھارت کے ایماء پر آزاد کشمیر میں بھی کچھ حلقے بد امنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا اعتراف بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے خود کیا ہے۔
٭…٭…٭