راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ماں کا رشتہ دنیا کا خوبصورت ترین اور بے لوث رشتہ ہے دنیا کا کوئی رشتہ اس کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ ماں انسان کا سب سے مضبوط سہارا اور اسکی کمزوری ہوتی ہے۔ ماں باپ کی خدمت کرکے انکا دل جیتیں اور ان سے دعائیں لیں۔ انکی دعائیں تقدیر بدل دیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ، ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی اور مینجنگ ڈائریکٹر ایمز ایجوکیشن سسٹم سٹیلائٹ ٹاون راولپنڈی ابرار احمد خان نے ماں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک نجی سکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اساتذہ کے علاوہ طلبا وطالبات نے بھی شرکت کی اور سکول کے بچوں نے ٹیبلوز ، کلام اور تقاریر کے ذریعے ماں جیسی ہستی کی عظمت اور شان کا اظہار کیا۔ ابرار احمد خان نے ادارہ کی پرنسپل اور ان کی ٹیم کو خوبصورت پروگرام پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ماں کی تعریف کے لئے الفاظ ناکافی ہیں۔ یہ ایک بے لوث رشتہ ہے دنیا میں جتنے بھی رشتے ہوتے ہیں اور ان میں جتنی بھی محبت ہو وہ اپنی محبت کی قیمت مانگتے ہیں۔ مگر ماں کا رشتہ دنیا میں واحد ایک ایسا رشتہ ہے جو صرف آپ کو دیتا ہی دیتا ہے۔ اور اس کے بدلے آپ سے کچھ نہیں مانگتا۔ آپ ماں سے بولیں نہ بولیں اس سے ملیں نہ ملیں مگر اس کی زبان پر ہمیشہ آپ کے لئے دعا ہی رہے گی ۔