اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم پارٹی رہنماں کے خصوصی اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی،معاشی و عمومی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا اور پارٹی کی طرف سے حکومت کی حمائیت جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ملک بہتری کی طرف گامزن ہو رہا ہے اوران حالات میں انتشار اور عدم استحکام کی مکمل حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔اجلاس میں حالیہ ضمنی انتخابات میں پنجاب میں آئی پی پی کی واضح کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا گیا اور مستقبل میں مزید بہتری کے لئے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کیا جائے اور بلدیاتی انتخابات کیلئے گراس روٹ لیول پر تیاریاں شروع کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے منتخب اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی ایوان میں عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کریں اگرچہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا رحجان حوصلہ افزا ہے لیکن شہریوں کو مزید ریلیف دینا ہوگا تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ اجلاس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات پر زور دیا گیا،پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کے لئے مربوط حکمت عملی کی تجویز پیش کی گئی۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنماں نے پارٹی صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی بھرپور حمائیت کا یقین دلایا اوراس توقع کا اظہار کیا گیا کہ عبدالعلیم خان ماضی کی طرح آئندہ بھی سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور پارٹی کے مفادات کوہمیشہ ترجیح دیں گے۔ اجلاس میں سینئر سیاسی رہنما اسحاق خان خاکوانی، غلام سرور خان، ہمایوں اختر خان، صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان، سردار ایاز خان نیازی، ممبرا ن قومی اسمبلی عون چوہدری، انجینئر گل اصغر بھگور اور ڈاکٹر منزہ حسن، ممبران پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور سارہ احمد نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان میاں خالد محمود،مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،تسکین خاکوانی، ڈاکٹر عروج گیلانی،نعمان لنگڑیال،فرخ ممتاز مانیکا، نوریز شکور، امیر حیدر سنگھا، یاور کمال، چوہدری ظہیر الدین، چوہدری عبدالرف، ہارون عمران گل، سید گل آغا،نوشیر مان اور ملک زمان نصیب نے شرکت کی جبکہ شرکا نے پارٹی کی تنظیمی صورتحال، ماضی کے تجربات، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی، دیگر سیاسی جماعتوں سے اشتراک اور مختلف اہم امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔