صحافی کو دھمکانے کا کیس:فیصل جاوید کے خلاف مقدمے کی سماعت 8جولائی تک ملتوی

May 13, 2024 | 12:54

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید کے خلاف صحافی کو دھمکانے اور جھگڑا کرنے کے مقدمے کی سماعت 8جولائی تک ملتوی کردی۔فیصل جاوید کے خلاف کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی، فیصل جاوید کے وکیل سردارمصروف عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے موکل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔عدالت نے فیصل جاوید کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا اس مقدمے میں صرف ایک ملزم ہے؟اس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جی بس ایک بندے کے خلاف مقدمہ درج ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔13 مارچ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے صحافی کو دھمکانے، جھگڑنے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینیٹر فیصل جاوید پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔

مزیدخبریں