ملک کو درپیش سنگین چیلنجز میں ہماری توجہ اقتصادی ترقی پر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیاں پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے بھی رول ماڈل ہیں، ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، ہماری توجہ اقتصادی ترقی پر ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے۔ العربیہ نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے تعلقات، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے تعلقات اور شاہی خاندان سے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور پاکستان صرف 76 سال کا ہے، اس عرصے میں سعودی عرب سے ہمارے تعلقات کی پوری دنیا میں کوئی مثال نہیں ہے، ہم برادر ملک ہیں، ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے ہیں، ہمارے غم اور خوشی مشترکہ ہے، دونوں ملکوں میں ہی نہیں بلکہ خطے میں بھی ہم امن اور خوشحالی میں شراکت دار ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے، اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے اور یہ روایت برقرار رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن