عازمین حج رواں سال سعودی عرب میں جدید ٹیکنالوجی دیکھیں گے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سعودی حکومت عازمین حج کے ہموار اور محفوظ سفر کے لیے اس سال اُڑنے والی ٹیکسیوں اور ڈرون سروس متعارف کروانے جا رہی ہے۔
سعودی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے وزیر صالح الجاسر نے عرب میڈیا کو بتایا ہے کہ اس سال حج کے دوران اُڑنے والی ٹیکسیوں اور ڈرون سروسز کا تجربہ کیا جائے گا تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشنز کو یقینی بنایا جا سکے اور ہمارے مہمانوں کو یہاں قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ٹرانسپورٹیشن کمپنیوں کے درمیان آئندہ برسوں میں عملی پراڈکٹ فراہم کرنے کے لیے شدید مقابلہ جاری ہے۔
صالح الجاسر نے مزید کہا کہ حکّام مستقبل میں سہولت کاری کے اقدامات کے مستقل پہلو کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بتدریج توسیع دیکھی گئی ہے اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وزارت نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کروائے اور حجاج کے فائدے کے لیے اسے استعمال کرنے کے لیے بہترین طریقے کا تعین کرے۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر نے اس اقدام پر سعودی حکّام کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اقدام سعودی حکّام کے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حجاج کے آرام اور سہولت کو یقینی بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔