عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی نے مطالبہ کیاہے کہ کراچی کواسلحے سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کیا جائے ،ان کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں کسی قسم کی تبدیلی نظرنہیں آرہی

وہ پشاورمیں پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن کراچی سب کے مفاد میں ہے اگر
وہاں امن نہیں ہوگا تو سب سیاسی قوتوں کونقصان پہنچے گا، وفاقی حکومت کراچی کواسلحے سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کرے ۔ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ جب رینجرز کو اختیارات دیئے جاتے ہیں تو ٹارگٹ کلنگ رک جاتی ہے اور نرمی ہوتی ہے تو یہ سلسلہ پھر شروع ہوجاتا ہے ، اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنا ہوگا ۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ وہ ملک میں جمہوریت کو کمزور نہیں ہونے دیں گے ،اور مستقبل قریب میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آرہی ۔ اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی ٹیکسوں کا دائرہ وسیع کرنے کی حمایت کرے گی تاہم وہ کسی ایسے اقدام کی تائید نہیں کریں گے جس سے ٹیکس دینے والوں پرمزید بوجھ پڑے ۔ انہوں نے بتایا کہ اصلاح شدہ جی ایس ٹی کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جوعید کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں درست جمہوریت تک دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی ۔

ای پیپر دی نیشن